• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینڈ پیپر گیٹ: اے بی ڈی ویلیئرز کا آسٹریلین بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نیا انکشاف

جنوبی افریقا کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز—فائل فوٹو
جنوبی افریقا کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز—فائل فوٹو

جنوبی افریقا کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے الزام عائد کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے 2018ء کے دورۂ جنوبی افریقا کے پہلے ہی میچ سے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کر دی تھی۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا سلسلہ دراصل ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ سے شروع ہوا تھا، جبکہ یہ معاملہ کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران اس وقت منظرِ عام پر آیا جب کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی بولرز اس معاملے میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے ہیں، وہ یقیناً جانتے تھے کہ ٹیم میں کیا ہو رہا ہے۔

کیمرون بینکرافٹ نے حال ہی میں ایک مضمون میں دعویٰ کیا کہ سینڈ پیپر کا استعمال پہلی مرتبہ پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران کیا گیا تھا، تاہم اے بی ڈی ویلیئرز نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب ڈربن میں شروع ہوا تھا، پورٹ الزبتھ میں نہیں، میچ کی ویڈیوز دیکھ لیں، میرے ذہن میں اس حوالے سے کوئی شک نہیں۔

جنوبی افریقا کے سابق کھلاڑی نے کہا کہ ہم ڈربن میں پہلا ٹیسٹ میچ ہار گئے تھے اور اس دوران گیند ایک انتہائی غیر معمولی وقت پر ریورس سوئنگ ہونے لگی تھی، کنگزمیڈ میں کوئی بھی بولر اتنی جلدی گیند کو ریورس سوئنگ نہیں کروا سکتا، مجھ پر یقین کریں، میں نے وہاں بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا ہے کہ لہٰذا انہوں نے وہاں جو کچھ بھی کیا، چاہے وہ سینڈ پیپر تھا یا ناخن، مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اصل بات یہ ہے کہ وہ پکڑے گئے تھے اور سب کو اس معاملے کا علم تھا، انہیں آگے بڑھ کر صرف یہ کہنا چاہیے کہ ’ہم سے غلطی ہوئی تھی‘، اب معاملہ اس لیے بھی سنگین ہو چکا ہے کیونکہ انہوں نے جھوٹ بولا۔

اے بی ڈی ویلیئرز اس کشیدہ ٹیسٹ سیریز کے اہم کرداروں میں شامل تھے۔ 

ڈربن ٹیسٹ کے دوران وہ رن آؤٹ ہوئے تھے، جبکہ آسٹریلوی بولر نیتھن لائن نے بظاہر گیند ان کے جسم پر گرا دی تھی، یہ ان متعدد واقعات میں سے ایک تھا جنہوں نے سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی کو مزید بڑھا دیا تھا۔

واضح رہے کہ 8 سال پرانے اس واقعے پر آسٹریلیا میں رواں ماہ ایک بار پھر اس وقت شدید بحث چھڑ گئی جب عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ پوری ٹیم کو گیند کی حرکت میں تبدیلی لانے کی سازش کا علم تھا۔

اس واقعے کے بعد کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید