ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع تاریخی عمارت آیا صوفیہ کے نیچے صدیوں سے پوشیدہ سرنگیں، زیرِ زمین کمرے اور ایک قدیم مقبرہ دریافت کر لیا گیا، جس کے بعد اس تاریخی عمارت سے متعلق کئی پرانے راز سامنے آنے لگے ہیں۔
آیا صوفیہ دنیا کی مشہور ترین تاریخی عمارتوں میں شمار ہوتی ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے، یہ عمارت عیسائی بازنطینی سلطنت اور مسلم سلطنت عثمانیہ دونوں کے لیے غیر معمولی تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔
آیا صوفیہ 537 عیسوی میں بازنطینی دور کے دوران ایک گرجا گھر کے طور پر تعمیر کی گئی تھی، پندرہویں صدی میں سلطنتِ عثمانیہ کی جانب سے قسطنطنیہ، جو اب استنبول کہلاتا ہے، فتح کیے جانے کے بعد اسے مسجد میں تبدیل کر دیا گیا۔
تقریباً ڈیڑھ ہزار سال سے آیا صوفیہ کے نیچے خفیہ سرنگوں اور زیرِ زمین راستوں کی موجودگی سے متعلق کہانیاں گردش کرتی رہی ہیں، تاہم فروری 2025ء میں شروع ہونے والے بحالی کے کام کے دوران ماہرینِ آثار قدیمہ نے 9 سرنگیں، پانی کی گزرگاہیں، گنبد نما کمرے اور 1 قدیم مقبرہ دریافت کیا ہے۔
اب تک زیرِ زمین سرنگوں سے تقریباً 420 میٹر کا ملبہ صاف کیا جا چکا ہے، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ ان سرنگوں کا وسیع نظام کئی کلو میٹر تک پھیلا ہو سکتا ہے۔
اب تک دریافت ہونے والی سب سے طویل سرنگ تقریباً 180 میٹر لمبی ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ پانچویں صدی عیسوی کی قدیم رومی سڑک سے منسلک ہو سکتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ زیرِ زمین دریافت ہونے والے بعض آثار خود آیا صوفیہ کی موجودہ عمارت سے بھی زیادہ قدیم معلوم ہوتے ہیں۔
3 سالہ بحالی منصوبے کے تحت زیرِ زمین حصوں سے اب تک تقریباً 3 ہزار ٹن ملبہ ہٹایا جا چکا ہے، ماہرین ان پوشیدہ راستوں کا نقشہ تیار کرنے اور ان کی تاریخ جاننے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بشمول تھری ڈی لیزر اسکیننگ کا استعمال کر رہے ہیں۔
ترک ٹیلی ویژن پر بھی ان زیرِ زمین سرنگوں کی تصاویر جاری کی گئی ہیں، جن میں پہلی مرتبہ صدیوں سے پوشیدہ ان راستوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ترک حکام مستقبل میں ان سرنگوں اور زیرِ زمین حصوں میں سے بعض کو سیاحوں کے لیے کھولنے پر غور کر رہے ہیں، جس سے سیاحوں کو آیا صوفیہ کی تاریخ کے ایک نئے اور پراسرار پہلو کو قریب سے دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔