بنگلادیش کی معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی 16 دسمبر کو وطن واپسی کے اعلان پر بنگلادیشی حکومت کا ردِعمل سامنے آ گیا۔
بنگلادیشی وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ ایک سزا یافتہ مجرم اور مفرور دہشت گرد ہیں، وہ صرف بھارت سے حوالگی کے معاہدے کے تحت ہی وطن واپس آ سکتی ہیں۔
ہمایوں کبیر نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی ہتھکڑیوں میں اور سخت نگرانی کے تحت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو بنگلادیش واپسی کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے وطن واپسی کے لیے سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شیخ حسینہ کے ترجمان کے مطابق سابق وزیر اعظم 16 دسمبر کو بنگلادیش واپس جانا چاہتی ہیں اور ان کی واپسی ممکن بنانا بنگلادیشی حکومت کی ذمے داری ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد 2024ء میں طلبہ کے احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔