بھارت کے شہر پونا میں سافٹ ویئر انجینئر نے مبینہ طور پر اپنی 27 سالہ گرل فرینڈ کو تشدد کر کے قتل کر دیا اور پھر پوری رات اس کی لاش کے پاس بیٹھا رہا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر پونا کے علاقے ہنجواڑی میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم شبھم دنیانیشور کلبانڈے اور مقتولہ کومل ڈاہلے دونوں سافٹ ویئر انجینئر تھے اور گزشتہ ساڑھے 3 سال سے ان کے درمیان قریبی تعلق تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کے خاندان ان کے تعلقات سے واقف تھے اور شادی پر بھی رضامند تھے۔
پولیس کے مطابق کومل کو شبھم پر شک تھا کہ اس کے کسی دوسری خاتون کے ساتھ بھی تعلقات ہیں، جس کے باعث دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ اتوار کی رات یہ دونوں ایک ہوٹل میں کھانا کھانے گئے اور واپس کومل کی ہنجواڑی میں واقع رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں رات تقریباً ساڑھے 12 بجے ان کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔
پولیس کے مطابق رات تقریباً 3 بجے جھگڑے نے شدت اختیار کر لی اور شبھم نے مبینہ طور پر کومل کے سر اور گردن پر گھونسوں اور لاتوں سے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم قتل کرنے کے بعد صبح تک اپنی گرل فرینڈ کی لاش کے پاس بیٹھا رہا اور صبح پولیس کو خود کال کر کے قتل کی اطلاع دی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد شبھم کو گرفتار کر لیا ہے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔