صارفین کی سہولت کیلئے واسا کال سنٹر 24گھنٹے کام کریگا ،بلوں کی ادائیگی کی یاددہانی کیلئے گھروں میں بھجوائے جانے پر واسا فیلڈ ریکوری سٹاف کے تحفظات

March 26, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) واسا کے فیلڈ ریکوری سٹاف نے موجودہ حالات میں جب کورونا کی وباء پھیلی ہوئی ہے‘ پانی کے بلوں کی ریکوری کی یاددہانی کیلئے شہریوں کے گھروں میں بھجوائے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے بعض بل ڈسٹری بیوٹرز اور ریکوری انسپکٹروں نے کہا کہ انہیں واسا حکام نے پرانے پانی کے ڈیفالٹرز اور موجودہ پانی کے بلوں کی یاد دہانی کیلئے شہریوں کے گھروں کے دروازے کھٹکھٹانے اور انکے گھروں پر جاکر انہیں اپنے ذمہ واجب الادا پانی کے بل جمع کرانے کی تاکید کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو ہمیں کوئی ماسک دیا گیا ہے اور نہ ہی ہماری سیفٹی کیلئے کوئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر ریونیو رانا شمس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ واسا نے پانی کے بل لیکر ہی اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینی ہوتی ہیں لہٰذا فیلڈ اسٹاف سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ایریاز میں رہیں اور شہریوں سے پانی کے بلوں کی ادائیگی کو یقینی بنوائیں جبکہ پرانے ڈیفالٹرز کو بھی یاد دہانی کے فون کرتے رہیں۔