طبی سہولتیں، ڈاکٹرز بھیجنے پر چین کا شکریہ، فردوس عاشق

March 27, 2020

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے طبی سہولتیں، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر عظیم دوست چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین نے جس بہترین نظم و ضبط کے ساتھ کورونا کی اس وبا پر قابو پایا وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان چینی ڈاکٹرز کے علم، تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیئے: صحافی کورونا کیخلاف جنگ میں ہر اول دستہ ہیں، فردوس

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا آئرن برادرز کی ایک شاندار روایت ہے، دونوں ممالک کے عوام کو اس مخلصانہ دوستی پر فخر ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون ہو یا مسئلہ کشمیر پر ہمارے اصولی مؤقف کی حمایت، چین ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کی توقعات پر پورا اترا ہے۔