• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول، شہباز نے قومی اتحاد سے گریز کیا، فردوس عاشق اعوان

بلاول، شہباز نے قومی اتحاد سے گریز کیا، فردوس عاشق اعوان


وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہاں قومی اتحاد کی ضرورت تھی وہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اس سے گریز کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا کو قومی اسمبلی کے پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے میں اپوزیشن بھی حصہ دار بنے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو یکجا ہو کر کورونا سے حفاظتی تدابیر کی طرف مائل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے تدارک کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد کی ضرورت تھی، لیکن بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے اس سے گریز کیا۔

 فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ امید ہے اپوزیشن ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہو کر وزیراعظم عمران خان کے ہر اول دستے کے طور پر اس وبا سے نمٹنے میں مدد کرے گی۔

فردوس عاشق کا یہ بھی کہنا تھا کہ امید ہے اپوزیشن صرف تنقید نہیں کرے گی، تجاویز بھی دے گی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ اور سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، اپوزیشن عمران خان کی قیادت میں کورونا کو ختم کرنے کی کوششوں میں ہمارا ساتھ دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنی تجاویز پارلیمنٹ میں دے اور وہ یہ تجاویز وزیر اعظم آفس میں بھی دے سکتی ہے۔

اقتصادی پیکج سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس پیکج پر عمل درآمد کے لیے صوبوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر حکومتی اقدامات سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران پر سے پابندیاں اٹھانے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔ 

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر رضا کار فورس کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جارہا ہے۔

فردوس اعوان نے بتایا کہ کابینہ میں ایجنڈا نمبر ون وزارت توانائی کا تھا جس کو واپس لے لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت توانائی کا ایجنڈا آئندہ اجلاس میں پیش ہوگا، ایجنڈا نمبر 2 کے فیصلوں کی توثیق کے لیے اس کو بھی مؤخر کردیا گیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ ایس ایم ای بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دے دی گئی ہے۔

تازہ ترین