کورونا، برطانوی جامعات میں گریجویشن تقریبات منسوخ، طلبہ ناراض

March 28, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد برطانیہ میں کئی جامعات نے گریجویشن کی تکمیل پر رکھے گئے پروگرامز ملتوی کردیے ہیں جس کے باعث طلبہ میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ڈرہم، ایڈنبرگ اور ریڈنگ یونیورسٹی ایسے اداروں میں شامل ہیں جنہوں نے پہلے ہی گریجویشن کے آخری سال میں پڑھنے والے اور پوسٹ گریجویشن کرنے والے اپنے طلبہ کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ دیگر اداروں نے اپنی تقریبات کو ملتوی کر دیا ہے یا پھر پوچھے جانے والے سوالات کے جواب میں کہا جا رہا ہے کہ ادارہ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی نے مئی میں منعقدہ گریجویشن تقریب منسوخ کر دی ہے جبکہ اس بات کا فیصلہ کیا جانا باقی ہے کہ موسم گرما میں عمومی طور پر ہونے والی تقریبات منعقد ہوں گی یا نہیں۔ یونیورسٹی آف لندن کا حصہ سمجھا جانے والے ادارہ بربیک نے ارادہ ظاہر کیا ہے کہ وہ موسم بہار کی تقریب نومبر میں ’’سوشل ڈسٹنس‘‘ کے متعلق حکومت کی اجازت کے ساتھ موسم خزاں کی تقریب کے ساتھ ملا کر منعقد کرے گا۔ دوسری جانب اس بات کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کیمپس میں تعلیمی سلسلہ بند ہونے کی وجہ سے مختلف جامعات کو اپنی ٹیوشن فیس میں کمی کرنا پڑ سکتی ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی میں سینٹر فار گلوبل ہائر ایجوکیشن کے ڈائریکٹر پروفیسر سائمن اس بات کے امکانات بڑھتے جا رہے ہیں کہ نیا تعلیمی سال کا زیادہ تر حصہ یا مکمل حصہ آن لائن تعلیم پر مشتمل ہوگا۔ یہ صورتحال ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب 2؍ لاکھ 66؍ ہزار طلبہ نے ٹیوشن فیس میں کمی کیلئے درخواست دائر کی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران برطانوی جامعات میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ پروفیسر سائمن کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے انٹرنیشنل ایجوکیشن کے شعبے کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔