پاکستان میں کورونا کیسز تمام تخمینوں سے کم ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

March 29, 2020

پاکستان میں کورونا کیسز تمام تخمینوں سے کم ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تمام تخمینوں سے کم ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 13ہزار 324 ہے، 24 گھنٹوں میں 1106 مشتبہ مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف شہروں میں قائم قرنطینہ کیئر سینٹر میں 8066 افراد کو رکھا گیا ہے، جن میں 4 ہزار 365 کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں، یعنی 50 فیصد کو ٹیسٹنگ کے مراحلے سے گزار لیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ قرنطینہ مراکز میں ٹیسٹ کیے گئے افراد میں سے 20 فیصد یعنی 869 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 1 ہزار 526 ہے، جن میں سے 826 ایران سے آئے زائرین ہیں، جبکہ کل تصدیق شدہ کیسز کا 58 فیصد ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 121 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 13 ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایک ماہ کے لیے طبی عملے کو حفاظتی کٹس دے دی گئی ہیں، اس عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عوام ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلیں اور کم از کم 2 میٹر کا فاصلہ رکھیں۔