حکومتی اتحاد میں شامل ق لیگ کے سربراہ کا میر شکیل کی رہائی کا مطالبہ

March 30, 2020

حکومتی اتحاد میں شامل ق لیگ کے سربراہ کا میر شکیل کی رہائی کا مطالبہ

حکومتی اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ (ق) نے بھی ملک کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی ضمانت پر رہائی کا مطالبہ کردیا۔

پارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کے ادارے کی ملک کے لیے خدمات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ کل وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میر شکیل الرحمٰن پر لگنے والے الزامات اور ان کے ادارے کی پاکستان کے لیے خدمات ایک ترازو میں رکھی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً میر شکیل الرحمٰن کے ادارے کی خدمات کا پلہ بھاری ہوگا۔

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے کہا کہ ایسے میں جب جنگ، دی نیوز اور جیو عوام کو خبروں سے آگاہ کر رہے ہیں، میر شکیل الرحمٰن کا جسمانی ریمانڈ لینا انسانیت کے برعکس ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جنگ، دی نیوز اور جیو میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے باوجود پوری دنیا میں خبریں پہنچارہے ہیں، جو میر شکیل الرحمٰن اور ان کے والد میر خلیل الرحمٰن کی پاکستان سے وفاداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کے ادارے کی خدمات کے پیشِ نظر انہیں ضمانت پر رہا کریں۔