قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر میر شکیل الرحمٰن کو اپنے بھائی میر جاوید رحمٰن کی عیادت کی اجازت مل گئی۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق میر شکیل الرحمٰن ایک یوم کیلئے اپنے بھائی میر جاوید رحمٰن کی عیادت کے لیے کراچی جاسکتے ہیں لیکن وہ بدستور نیب کی حراست میں ہی رہیں گے۔
نیب کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ ریمانڈ کے دوران ضمانت دینے یا نہ دینے کا اختیار صرف معزز عدالت کو مجاز ہے، اس ضمن میں ملزم یا اس کے لواحقین راہداری ریمانڈ کے لیے متعلقہ معزز عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے نیب سے درخواست کی تھی کہ میر شکیل الرحمٰن کو اپنے بھائی میر جاوید رحمٰن کی عیادت کے لئے 48 گھنٹے کیلئے رہاکیا جائے ۔
شیریں مزاری کی جانب کی گئی درخواست کو نیب حکام نے آج عدالت میں نظرانداز کیا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میر شکیل الرحمٰن کو اپنے علیل بھائی میر جاوید رحمٰن کی عیادت کی اجازت دی ہے۔
واضح رہے میر صحافت میر خلیل الرحمٰن مرحوم کے بڑے صاحبزادے میر جاوید رحمٰن کی شدید علالت کے باعث طبعیت تشویش ناک ہے، روزنامہ جنگ کے پبلشر، پرنٹر میر جاوید رحمٰن نجی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔
میر جاوید رحمٰن کو شوگر اور پھیپھڑوں کا شدید عارضہ لاحق ہے، اُنہیں گزشتہ روز اسپتال میں دل کا دورہ بھی پڑا تھا۔
میر جاوید رحمٰن کے اہل خانہ اور جنگ جیو گروپ کی جانب سے میر جاوید رحمٰن کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔