آٹے، چینی کی FIA رپورٹ پر کارروائی کی جائے: شہباز شریف

April 05, 2020

پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

ایک بیان میں میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی رپورٹ میں سنگین انکشافات کیے گئے ہیں، اس رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی ہونی چاہیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ رپورٹ وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف فردِ جرم ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیکھتے ہیں کہ وزیرِاعظم عمران خان جو ای سی سی کے چیئرمین بھی ہیں، اپنے اور اپنے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا سزا مقرر کرتے ہیں؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کی طرف سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چینی کے بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیئے: چینی بحران کا فائدہ جہانگیر ترین و دیگر نے اٹھایا، رپورٹ

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فائدہ اٹھانے والوں میں دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی رہے، جبکہ حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں کا پیسے بنانے میں تیسرا نمبر رہا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک تازہ بیان میں ایف آئی اے کی مذکورہ رپورٹ کی فارنزک رپورٹ آنے پر رواں ماہ کی 25 تاریخ کو آٹے اور چینی کے بحران کے ذمے داروں کے خلاف ایکشن لینے کا عندیہ دیا ہے۔