سندھ حکومت آج سے راشن کی تقسیم شروع کریگی

April 06, 2020

سندھ حکومت کی جانب سے غریب اور یومیہ اجرت کمانے والے افراد کے لئے راشن کی فراہمی آج سے شروع کی جائے گی، 25 لاکھ سے زائد آبادی کے شہر حیدرآباد کے لئے 10 ہزار راشن بیگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقامی تاجر کو ایک کروڑ 70 لاکھ میں راشن بیگ تیار کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے جس کے تحت گزشتہ روز تاجر کی جانب سے فراہم کیا جانے والا راشن سے بھرا ٹرک تقسیم سے قبل لوٹ لیا گیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کئے گئے لاک ڈاؤن کو آج 15 دن ہوگئے ہیں، حکومت کی جانب سے 10 ہزار سے زائد راشن بیگ حیدرآباد کی چاروں تحصیلوں میں تقسیم کرنے کا طریقہ کار طے کرلیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد لیاقت کلہوڑو نے جیو نیوز کو فون پر بتایا کہ ابتداء میں 10 ہزار راشن بیگ انتہائی مستحق افراد میں تقسیم کئے جائیں گے۔

دوسری جانب مئیر حیدرآباد سید طیب حسین کا کہنا ہے کہ راشن بیگ کی تقسیم کے طریقہ کار کے تحت ہر یونین کونسل میں 70 بیگ تقسیم کرنے ہیں جو ناکافی ہیں تاہم راشن کی تقسیم مرحلہ وار جاری رہے گی ۔