کورونا سے صحتیاب بورس جانسن نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

April 27, 2020


عالمی وبا کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن وبائی بیماری کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد منظر عام پر آئے، ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران بورس جانسن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس بڑاچیلنج تھا، برطانیہ میں اب کورونا وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے۔

بورس جانسن نے اس دوران کورونا وائرس کے پیش نظر جاری برطانیہ میں لاک ڈاؤن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہہم پہلےمرحلےکے خاتمےکے قریب ہیں، لاک ڈاؤن ختم کر کے برطانوی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، لاک ڈاؤن کی طوالت پر تشویش ہے لیکن برطانوی عوام کی قربانیوں پر پانی نہیں پھیر سکتے۔

واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو رواں ماہ 11 اپریل کو کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 56 سالہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک ہفتہ سینٹ ٹامسز اسپتال میں گزارا تھا۔