آنجہانی رشی کپور کو مہوش حیات کا خراج عقیدت

May 01, 2020

پاکستانی فلموں اور ٹی وی ڈراموں کی سپر اسٹار اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار آنجہانی رشی کپور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹر ٹینمنٹ انڈسٹری ایک عظیم فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فلموں کے سینیئر اداکار رشی کپور جمعرات کو 67 برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

لوڈ ویڈنگ سمیت کئی فلموں اور ڈراموں میں بے مثال کریکٹر پیش کرنے والی پاکستان کی صف اول کی اداکارہ نے اپنے ایک مختصر ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ سال 2020 بہت بھاری پڑگیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اس سال زندگی کی بے ثباتی سامنے آئی ہے، یہ سب کچھ کتنا مختصر اور عارضی ہے، ہمیں چاہیے کہ ایسے لوگ جب تک ہمارے درمیان اور اردگرد ہیں، ہم انہیں پیار کریں اور انہیں اہمیت دیں۔

واضح رہے کہ صرف دو دنوں میں بالی ووڈ فلم انڈسٹری کو دو بڑے دھچکے لگے، پہلے عرفان خان اور اس کے بعد رشی کپور کینسر کے سبب زندگی کی بازی ہار گئے۔