راشد ربانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

May 06, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کےمعاون خصوصی راشد ربانی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد معاون خصوصی راشد ربانی نےخود کو قرنطینہ کردیا۔

واضح رہے کہ سندھ کابینہ میں سب سے پہلے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد وہ بھی قرنطینہ میں چلے گئے تھے مگر بعد میں دوبارہ ٹیسٹ کروایا گیا تو ان کا ٹیسٹ منفی آگیا تھا۔

سندھ اسمبلی کے رکن اسمبلی سید عبدالرشید اور ان کی فیملی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ساتھ ان کے بچوں کی بھی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی ہے، جس کے بعد وہ آئیسولیشن میں چلے گئے تھے۔

سندھ پولیس کے سو اہلکاروں کا کورونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف

سندھ پولیس کے 100 کے قریب اہلکار و افسران کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دو اہلکار کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق متاثر ہونے والوں میں ایک اے ایس پی، ایک ڈی ایس پی، انسپکٹر، سب انسپکٹر اور کانسٹیبلز شامل ہیں۔ کورونا کے باعث ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل جاں بحق ہوئے جبکہ ایک سب انسپکٹر کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا سے متاثرہ افسران اور جوانوں کے خاندان کے 263 افراد کا ٹیسٹ لیا جاچکا ہے، جبکہ متاثرہ اہلکار اور افسران سے ملنے والے 366 اہلکاروں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے۔