ٹھٹھہ، بدین میں نجی شعبے کی گندم خریداری پر پابندی ختم

May 08, 2020

محکمۂ خوراک سندھ نے ٹھٹھہ اور بدین میں نجی شعبے کی گندم خریداری پر عائد پابندی ختم کر دی جبکہ بھاری رشوت طلب کرنے پر مٹیاری، جامشورو اور حیدر آباد کے چیک پوائنٹس ختم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

محکمۂ خوراک سندھ کی جانب سے ڈسٹرکٹ کنٹرولر ٹھٹھہ اور بدین کو خط کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ 2 ضلعوں میں نجی شعبے کی گندم خریداری پر 22 اپریل سے عائد پابندی کو ختم کیا جا رہا ہے۔

محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ڈپارٹمنٹ کراچی، حیدر آباد، میر پور خاص اور شہید بے نظیر آباد کو لکھے گئے ایک اور خط کے ذریعے مٹیاری، جامشورو، حیدرآباد اور شہید بے نظیر آباد میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے قائم کردہ چیک پوائنٹس ختم کردیئے گئے ہیں۔

محکمۂ خوراک سندھ کے مطابق چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن نے ان چیک پوائنٹس پر کراچی کو گندم فراہم کرنے والے ٹرالر اور ٹرکس سے بھاری رشوت طلب کرنے کی شکایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے: ای سی سی کی گندم خریداری کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت

محکمۂ خوراک کا کہنا ہے کہ کراچی کو گندم کی ترسیل میں رکاوٹوں کے سبب گندم کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور خدشات ہیں کہ صورتِحال کی وجہ سے آٹے کی قیمت بھی بڑھے گی۔

محکمۂ خوراک سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کو گندم کی ترسیل نہ روکنے کے واضح احکامات جاری کیے گئے تھے جن پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا۔