حلیمہ سلطان کے مداح ان سے نفرت کیوں کرنے لگے؟

May 13, 2020

وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر نشر کیے جانے والے ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک کی مغربی لباس زیب تن کئے شیئر کی جانے والی تصویروں سے مداح سخت نالاں نظر آتے ہیں۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ترکش اداکارہ اسراء بلجیک (جنہوں نے ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی میں ’حلیمہ سلطان‘ کا کردار ادا کیا ہے) نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے مغربی لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔


اُن کی اس تصویر کو دیکھنے کے بعد انہیں پاکستانیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ان کے مداحوں نے اُن کی مغربی لباس میں تصویر پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے کے بعد وہ یہ لباس کیسے پہن سکتی ہیں جو کہ حلیمہ سلطان کی شخصیت کے خلاف ہے۔

ایک مدثر خان نامی شخص نے تو انسٹاگرام پر پورا پیراگراف ہی لکھ ڈالا، انہوں نے کہا کہ حلیمہ سلطان کا یہ پوز انتہائی مایوس کن ہے، مدثر نے ڈرامے کی ایک قسط کی کہانی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ میں نے حلیمہ کے لیے دعائیں کی تھیں اللہ سے کہ اللہ انہیں بچا لے۔

انہوں نے لکھا کہ آپ کی حقیقی زندگی یہ نہیں ہے بلکہ آخرت ہمیشہ رہنے والی زندگی ہے، اس کے لیے تیاری کریں۔

مدثر نے کہا کہ آپ کو حلیمہ سلطان کے مہذب کردار پر فخر ہونا چاہیے، آپ برائے مہربانی دین، حجاب اور ایمان کی طرف واپس آجائیں۔

انسٹاگرام پر صرف ایک نہیں بلکہ کئی صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اُن کا کہنا ہے کہ وہ حلیمہ سلطان کی اس تصویر کے بعد اُن سے نفرت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ پہلی بار 2014ء میں ترکی کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔ اردو زبان میں ڈب کرنے سے پہلے یہ سیریز 60 مختلف زبانوں میں نشر کی جاچکی ہے۔

مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق سیریز یکم رمضان سے پی ٹی وی پر نشر کی جارہی ہے۔