• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارطغرل غازی‘ کے بنانے والے پاکستانیوں کے ردعمل سے خوش

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترکش سیریز ’دیرلیش ارطغرل ‘ کے بنانے والے اس سیریز کو پاکستان میں ملنے والی زبردست پزیرائی سے بے حد خوش ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر اردو میں ڈب کر کے سرکاری ٹی وی پر نشر کی جانے والی ترکش سیریز ’ارطغرل غازی ‘ نے آج کل  سب کو اپنے سحر میں مبتلا کیا ہوا ہے۔


معروف سیریز دنیا بھر  میں مقبولیت کے اگلے پچھلے ریکارڈز توڑ رہی ہے جبکہ کچھ نئے ریکارڈز بھی اپنے نام کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔

یکم رمضان سے پاکستان میں نشر کی جانے والی اس سیریز کو بنانے والے پاکستان میں زبردست کامیابی اور شاندار پزیرائی ملنے پر بے حد خوش ہیں۔

یہ سیریز پاکستانی شائقین تک پہنچانے میں پیش پیش ریاض منٹی کا پاکستان سے ملنے والی پزیرائی کے حوالے سے کہنا تھا مذکورہ سیریز پر پاکستان میں اتنا اچھا رد عمل دیکھنے میں آیا کہ خوشی ناقابلِ بیان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی قسط کے نشر ہوتے ہی ’ارطغرل غازی‘ پاکستان میں مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ رہا ہےاور روز ہی اس کی قسطیں پاکستان میں یو ٹیوب پر ٹرینڈ کر رہی ہوتی ہیں۔

ترکی کے سرکاری چینل ٹی آر ٹی کے ڈیجیٹل ترکش ریڈیو اور ٹی وی کے ڈائریکٹر ریاض منٹی نے پاکستان میں اس ڈرامے کی خوبصورت ڈبنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی نے ڈبنگ اور بروڈکاسٹنگ کے حوالے سے بہت عمدہ کام کیا ہے۔

یوٹیوب پر پی ٹی وی اور ترکی چینل ٹی آر ٹی کے اشتراک سے یہ ڈرامہ ’ٹی آر ٹی ارطغرل بائی پی ٹی وی‘ کے چینل سے پیش کیا جارہا ہے۔

اس چینل کو سبسکرائب کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ، اس چینل نے ایک ماہ سے بھی کم کے عرصے میں سب سے زیادہ 9 لاکھ 90 ہزار سبسکرائیبرز حاصل کرلئے ہیں۔

ریاض منٹی کا کہنا ہے آن لائن میڈیم پر صارفین کی بڑی تعداد کا یہ ڈرامہ دیکھناایک بڑی کامیابی ہے۔

معروف سیریز ’دیریلیش ارطغرل‘ کی کہانی 13 ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے۔

اس ڈرامے کا مرکزی کردار ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار ہے جو  کے گرد گھومتی ہے ۔

عثمانی روایات کے مطابق ارطغرل سلطنت عثمانیہ کے بانی عثمان اول کے والد تھے۔

فنی اعتبار سے یہ ڈرامہ ایک شاہکار ہے، اس کی ایک اور خوبی یہ بھی ہےکہ یہ مسلمانوں پر مسلط کردہ احساس کمتری کا طلسم کدہ توڑ کر پھینک دیتا ہے۔

تازہ ترین