سحری اور افطاری کا دستر خوان

May 16, 2020

آمنہ احمد

بادامی مرغی

اجزا:چکن ایک کلو ،پیاز تین عدد ،سبز اکائچی تین عدد،سبز الائچی پائوڈر ایک چائے کا چمچہ ،لہسن ،ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،لہسن ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے ،دہی ایک کپ ،کریم اور بادام کا پیسٹ آدھی پیالی ،نمک، کالی مرچ پاؤڈر حسب ِ ذائقہ،،تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: تیل گرم کر کے اس میں کڑکڑا کر نکالیں۔ پھر اسی تیل میں پیاز ڈال کر فرائی کرلیں۔ اب ادرک اور لہسن پیسٹ ڈال دیں۔ ا س بعد چکن ڈال کر اچھی طرح بھونیں اور جب چکن گل جائے تو دہی شامل کرکے اتنا پکائیں کپ پانی خشک ہوجائے ۔اب نمک، پسی ہوئی کالی مرچ، لیموں کا رس ،کریم اور بادام کا پیسٹ ڈال کر دس سے پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں اور آخر میں کڑکڑائی ہوئی الائچیاں اور پائوڈر چھڑک کر مزید پانچ منٹ تک پکائیں پھر گر ماگرم پراٹھےیا چپاتی کے ساتھ تناول فرمائیں ۔

وائٹ چکن قورمہ اور پراٹھا

اجزا:چکن ایک کلو ،ناریل (پساہوا) آدھی پیالی ،بادام (پسے ہوئے ) آدھی پیالی۔ دہی اور کریم ایک پیالی، پیاز دو عدد، ہری مرچ 9 عدد (پیسٹ بنالیں ) زہرہ (کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچہ ،گرم مسالہ ( پساہوا ) ایک چائے کا چمچہ ،کالی مرچ (کٹی ہوئی ) ایک چائے کا چمچہ ،لہسن اور ادرک (پسا ہوا ) ایک چائے کا چمچہ ،لیمون کا رس دوکھانے کے چمچے ،ثابت لال مرچ8 عدد ،تیل آدھی پیالی۔

ترکیب : پہلےایک پتلی میں تھوڑے سے پانی میں پیاز گلنے کے لیے ہلکی آنچ پر رکھیں اور ساتھ ہی چکن دھو کر دوسری پتلی میں گلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب پیاز گل جائے تو چمچہ کی مدد سے اسے میش کرلیں اور چکن بھی اس میں شامل کردیں اور جب چکن کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں نمک، لہسن اور ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔

ان کسی پلیٹ میں چکن نکالیں اور اسی تیل میں پسی ہوئی پیاز فرائی کرکے کے تمام مسالے ،ناریل ،بادام اور دہی شامل کر کے اس وقت تک بھونیں جب تک تیل اوپر نہ آجائے پھر اس میں فرائی کی ہوئی چکن اور کریم ڈال کرتھوڑی دیر چمچہ چلائیں اور دم پر رکھ دیں۔ آخر میں توے پر ثابت لال مرچ اور زیرہ ہلکاسا بھون کر کوٹیں اور چکن میں شامل کرلیں۔

چکن اسٹیکس

اجزا:چکن آدھا کلو،لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ،ہلدی دو چائے کے چمچے،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ،ہری مرچیں چار عدد کٹی ہوئی،سرکہ چوتھائی چائے کا چمچہ،کریم آدھا کپ،انڈے پانچ عدد،شملہ مرچ دو عدد چکور کاٹ لیں،پیاز دو عدد چکور کاٹ لیں،بریڈ کرمزحسبِ ضرورت، تیل حسبِ ضرورت فرائی کر نے کے لیے۔

ترکیب:سب سے پہلےگوشت کی بوٹیاں بنالیں پھر ان میں لال مرچ، ہلدی، گرم مسالہ، زیرہ، ادرک، لہسن، ہری مرچیںاور کریم ملا کر میرنیٹ کرنے کے لیے رکھ دیں، پھر اس کو اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے پھرچولہے سے اتار لیں۔ اسٹک لیں، اس پر ایک بوٹی، ایک کیوب شملہ مرچ، ایک کیوب پیاز اور پھر بوٹی لگائیں، اس طرح اپنے حساب سے اسٹیکس تیار کرلیں، انڈے پھینٹ لیں پھر اس کو انڈے میں ڈِپ کریں بریڈ کرمز لگائیں اورتیل میں فرائی کر لیں۔

آلو کے سموسے

اجزا:میدہ سوگرام،آلو ایک پاؤ(اُبال کر میش کرلیں)،گھی بیس گرام ،گرم مسالہ پاؤڈر ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کُٹی لال مرچ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کھٹائی چایک چوتھائی چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، نمک حسب ِذائقہ، ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ، پیاز ( کٹی ہوئی ) دو عدد،ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئیں )پانچ سے آٹھ عدد،ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب :۔ایک پیالے میں میدہ ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے ایک طرف رکھ دیں ۔پھرایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں ، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ ، کُٹی لال مرچ ، کھٹائی ، ثابت دھنیا، نمک ، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں ۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں ۔

پھر اس کے دو حصے کر لیں ، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں ۔پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔ مزیدار سموسے تیار ہے املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

املی کی چٹنی

اجزاء: املی ایک پیالی،نمک حسبِ ذائقہ،گڑ / چینی دو سے تین کھانے کے چمچے پسی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ۔ ان سب چیزوں کو ملا کر ہلکی آنچ پر دس منٹ تک پکائیں پھر چولہے سے اُتار لیں ، اچھی طرح ٹھنڈا کرکے بوتل میں محفوظ کر لیں ۔

مکس پالک پکوڑے

اجزاء:بیسن دو کھانے کے چمچے،آلوایک عدد درمیانے سائز کا ٹکڑوں میں کٹا ہوا،پیاز ایک درمیانی چھوٹی کٹی ہوئی، پالک کے پتے چھ عددچھوٹے کٹے ہوئے،ثابت دھنیا ایک بڑا چمچہ، زیرہ ایک بڑا چمچہ،نمک حسبِ ذائقہ، مرچ حسبِ ذائقہ، میٹھا سوڈا ایک چٹکی، انار دانہ ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب:بیسن میں نمک، مرچ اورایک چٹکی میٹھا سوڈا ڈال کر پھینٹ لیں اورکچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔ اس سے پکوڑے خستہ بنیں گے، اب اس میں ثابت دھنیا، اناردانہ ، زیرہ ملا کرگھول لیں پھر پالک آلو اور پیاز بھی شامل کرلیں اورتیز گرم تیل میں ہلکی آنچ پرسنہرا ہونے تک تلیں۔ مزیدارمکس پالک پکوڑے تیار ہیں ، املی کی میٹھی چٹنی سے لطف دوبالا کریں۔