مہنگا آٹا، گندم بیچنے والی ملز کیخلاف سخت ایکشن لینگے،علیم خان

May 17, 2020

لاہور(نمائندہ جنگ)سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کافوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ خوراک سے رپورٹ طلب کرلی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ مہنگا آٹا، گندم بیچنے والی ملز کیخلاف سخت ایکشن لینگے، انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان10ہزار، بہاولنگر، لیہ سے 5ہزار بوریاں قبضے میں لے لیں اور رپورٹ طلب کرلی ،انہوں نے کہا کہ حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور یکطرفہ طور پر قیمتوں میں اضافے کی کوشش کرنے والی فلور ملز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

عوام کو مقررہ نرخوں پر گندم و آٹے کی وافر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے اور اس ضمن کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی شہریوں کو فلور ملوں کی طرف سے مہنگے داموں گندم کی فروخت کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جینوئن فلور ملز مکمل تعاون کر رہی ہیں حکومت فلور ملوں کے لئے ہی گندم خرید رہی ہے البتہ گھوسٹ ملیں بلیک میل کرنا چاہتی ہیں۔

عبدالعلیم خان کی ہدایت پر محکمہ خوراک صوبے بھر میں متحرک ہو چکا ہے اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعطیل کے روز بھی گندم کی ناجائز ذخیرہ اندوزی کرنے والوں خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں سو کلو گرام کی 10ہزار،بہاولنگر میں 3ہزار اور لیہ میں 2ہزار گندم کی بوریاں قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ صرف ضلع ملتان میں 20ہزار من گندم پکڑی گئی ہے اور موقع پر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبائی بارڈر ایریا ہونے کے باعث زیادہ حساس ہے جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوز موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم کی سمگلنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔