ایپل کا دنیا بھر میں اپنے 100اسٹورز کھولنے کا فیصلہ

May 19, 2020


امریکن ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دنیا بھر میں اپنے سو کے قریب اسٹور دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم کمپنی نے اسٹورز میں گاہکوں کے داخلے کے لیے فیس ماسک پہننا اور درجہ حرارت چیک کرانا ضروری قرار دیا ہے۔ جبکہ کمپنی دنیا کے دیگر مقامات پر بھی اپنے اسٹورز کھولنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

ایپل کا کہنا ہے کہ وہ مزید صفائی، صحت پر مبنی سوالات اور اسٹورز کے لے آؤٹ میں اس انداز کی تبدیلی کا نفاذ چاہتے ہیں کہ کسٹمرز کے درمیان اسٹورز میں زیادہ جگہ اور فاصلہ قائم ہوجائے۔

چین کے علاوہ ایپل کے تمام اسٹورز مارچ کے وسط میں کورونا وائرس کی عالمی وباکی وجہ سے ہونے والے لاک ڈائون کی وجہ سے بند تھے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب جبکہ دنیا بھر میں ایک بار پھر کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہورہا ہے تو ایپل نے بھی نئے اور سخت اقدامات کے تحت تقریباً اپنے سو اسٹورز کھولنے کا آغاز کردیا ہے۔

جبکہ اگلے چند ہفتوں میں مزید درجنوں ایپل اسٹورز کھل جائیں گے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ مارچ میں اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ غیرمعمولی تھا، اس سے قبل کبھی ایسا نہیں ہوا، لیکن کسٹمرز اور اسٹاف کی صحت اور فلاح کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔

کمپنی کے دنیا بھر 510 اسٹورز میں سے جو اسٹورز کھل رہے ہیں ان میں سے 25 امریکا، 12 کینیڈا اور 10 اٹلی میں ہیں۔ تاہم برطانیہ میں موجود 38 اسٹورز کے دوبارہ کھلنے کے حوالے سے کمپنی نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا ہے۔

ایپل کی سینیئر نائب صدر برائے ریٹیل ڈائڈر اوبرائن کے مطابق گریٹر چائنا میں کورونا وائرس کے خلاف فوری اور تیز ایکشن دیکھنے میں آیا اور سماجی فاصلہ رکھنے کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی جس کے نتیجے میں وائرس کے پھیلائو میں کمی آئی۔

اس صورتحال کی وجہ سے چین میں ہمارے اسٹورز کھلے رہے۔ ایپل بھی اسی قسم کے اقدامات کرکے دنیا بھر میں اپنے اسٹورز کو محفوظ بنائے گی۔