مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں

May 23, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ملتان میں مرکزی ریلی تحریک آزادی القدس کے پلیٹ فارم سے امام بارگاہ شاہ یوسف گردیز سے گھنٹہ گھر تک نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء نے امریکہ ، اسرائیل اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی اور آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنما علی اشتر نے خطاب کیا۔علامہ قاضی نادر علوی، شہریا رحیدر، مولانا وسیم معصومی، مولانا اعجاز بہشتی، مولانا عمران ظفر، مولانا صابر بلوچ، مولانا سید علی حسنین مولانا فرمان علی روحانی اور دیگر شریک تھے۔یوم القدس کے سلسلہ میں شیعہ علما کونسل اور جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ملتان شجاع آباد میں نماز جمعہ کے اجتماعات سوشل ڈسٹنس اور ایس او پیز کے تحت منعقد کیے گئے۔شجع آباد میں شیعہ علما کونسل اور انجمن حسینیہ کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ امام بار گاہ حسینیہ سے تھانہ چوک تک مولانا اسلم خان مگسی سید بشیر ساہ سید سلمان رضاصابر خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ۔عالمی یوم القدس کے موقع پر مرکزی امام بارگاہ چوک قذافی سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت قاضی نادر حسین علوی ،اسد عباس شاہ،سیلم عباس صدیقی نے کی۔کبیروالا اور گردونواح میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو جمعۃ الوداع اور یوم القدس کےطور پر منایا گیا۔ کبیروالا میں دارالعلوم عیدگاہ،جامعہ غوثیہ،مرکزی امام بارگاہ حسینیہ سادات،جامعہ سراج العلوم،نور مسجد،جامعہ شمس العلوم سمیت دیگر عبادت گاہوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔