پتوکی میں ٹرین حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

May 26, 2020

پنجاب میں ضلع قصور کے علاقے پتوکی میں ٹرین حادثے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ حادثے میں جاں بحق شخص کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مدعی کا کہنا ہے کہ جب کار پھاٹک کے پاس پہنچی تو پھاٹک کھلا ہواتھا، میرے بیٹے نے پھاٹک کھلا دیکھ کر گاڑی آگے بڑھائی تو ٹرین کی زد میں آگیا۔

مدعی کا کہنا ہے کہ حادثہ محکمہ ریلوے اور اس کے ملازم کی غفلت سے پیش آیا، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

پتوکی میں ٹرین کی ٹکر سے کار میں سوار 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: پتوکی ٹرین حادثے کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی

واضح رہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی خیبر میل ایکسپریس جب پتوکی اسٹیشن سے روانہ ہوئی تو اسٹیشن سے ملحقہ پھاٹک کا گیٹ کھلا ہونے کے باعث ایک کار ٹرین کی زد میں آگئی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریلوے پھاٹک کھلا چھوڑنے کی مجرمانہ غفلت کے ذمے داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے بھی چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔