بھارت: ڈی جے اپنے میوزک سے ٹڈی دل بھگانے میں کامیاب

May 29, 2020

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں ٹڈی دل نے فصلوں کو بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور اب ٹڈی دل کے یہ غول پاکستان سے ہوتے ہوئے بھارت میں داخل ہو کر ریاست اترپردیش تک پہنچ چکے ہیں جہاں انہیں بھگانے کے لیے ایک انوکھا طریقہ اپنایا جا رہا ہے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اترپردیش کے کسانوں نے ٹڈی دل سے اپنی فصلوں کو بچانے کے لیے اسپرے کیے جو ناکام رہے لیکن ایک ڈی جے کا میوزک وہاں ٹڈی دل کو بھگانے میں کامیاب ثابت ہو رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک گاؤں میں یہ تجربہ کیا گیا جہاں ڈی جے نے اپنا ساؤنڈ سسٹم ایک گاڑی پر رکھا اور کھیتوں میں ٹڈی دل کے غول کے پاس لیجا کر انتہائی بلند آواز میں میوزک بجانا شروع کر دیا جس سے ٹڈی دل آگے بھاگنا شرو ع ہو گئے۔ گاڑی ان کے پیچھے چلتی رہی اور ٹڈی دل آگے بڑھتے چلے گئے اور یوں میوزک کی مدد سے اس گاؤں کی حدود سے ٹڈی دل کو آگے نکال دیا گیا۔ اس کامیاب تجربے کو دیکھتے ہوئے دیگر دیہات کے کسان بھی ڈی جے کی خدمات حاصل کر رہے ہیں اور اپنی فصلوں کو ٹڈی دل سے بچانے کی سعی کر رہے ہیں۔