کوچز کی مہارت سے کھلاڑیوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں، بریڈ برن

May 29, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر )نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹرگرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیساتھ وابستگی اور تعلقات قائم رہنا ان کے لیے اعزاز ہے۔ پاکستان میں ماہر کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ کام کرنے کو اعزاز سمجھتے ہیں ۔ احساس ہے کہ اس ملک میں کھیل سے متعلق حیرت انگیز صلاحیتوں اور جنون کا جذبہ موجود ہے۔ جمعرات کو ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی تقرری کے بعد ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب مقصداپنے موجودہ اور مستقبل کے کوچزکی مہارت کے ذریعہ بہترین کھلاڑیوں کی مدد کرنا ہے۔ کوچزکو اس قابل بنانا چاہتے ہیں کہ وہ ایک ایسا ماحول قائم کردیں جو دنیا کے عظیم کھلاڑی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جیت کی طرف گامزن کرے۔ اس کے بدلے یہ قابل فخر قوم کرکٹ کوچنگ کے وسائل میں خود پر انحصار کرسکے جو دنیا اور پاکستان دونوں کے لیے منفرد ہو۔