بلال مقصود نے نازیہ حسن کا یادگار گانا گالیا

May 29, 2020


اسٹرنگز بینڈ کے رکن اور نامور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود نے لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان کی پہلی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کا مشہور گانا ’آؤ ناں پیار کریں‘ گا کر مداحوں کے دل جیت لیے۔

لاک ڈاؤن کے دوران گھر بیٹھے بلال مقصود نے حال ہی میں تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں گلوکار ہردلعزیز نازیہ حسن کو یاد کرتے ہوئے اُن کا مشہور گانا ’آؤ ناں پیار کریں‘ گارہے ہیں۔


ہاتھ میں گِٹار تھامے بلال مقصود نے نازیہ حسن کے گانے کے چند ہی سطر گنگنائے۔

آؤ ناں پیار کریں
ہم اور تم راج کریں
آؤ ناں پیار کریں
ہم اور تم راج کریں
دُکھ بُھولو، کام چھوڑو
آکےمیرے پاس رہو
آؤ ناں پیار کریں
ہم اور تم راج کریں

گلوکار نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں نازیہ حسن اور اُن کے بھائی زوہیب حسن کا اِس طرح کے یادگار گیتوں کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔

بلال مقصود کی آواز میں نازیہ حسن کے گانے کی چند سطروں کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔

صارفین نے گلوکار سے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نازیہ حسن اور زوہیب حسن کے مزید یادگار گانے گاکر ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کریں۔

واضح رہے کہ نازیہ حسن کا یہ گانا ’آؤ نہ پیار کریں‘ 1980 میں ریلیز ہوا تھا اور اُس وقت اُن کے اس گانے نے خوب مقبولیت حاصل کی تھی۔

پاپ موسیقی کو غیر معمولی شہرت بخشنے والی خوبرو گلوگارہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔

1980 میں پندرہ سال کی عمر میں وہ اس وقت شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں جب انہوں نے بھارتی فلم قربانی کا گیت ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے‘ گایا جس کے بعد 1981 میں ریلیز ہونے والے نازیہ حسن کے پہلے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیے۔

نازیہ حسن محض 35 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہو کر 13 اگست سال 2000 کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئیں لیکن اُن کی سُریلی آواز اور مُُسکراتا چہرہ پرستاروں میں آج بھی مقبول ہے۔

نازیہ حسن کو 2002 میں حکومت پاکستان کی طرف سے بعدازوفات پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔