کورونا مریضوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے: سلیم منڈوی والا

May 31, 2020

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے ملک میں کورونا کے مریضوں کی خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کےمریضوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، مریضوں کی تعداد میں اضافے سے اسپتالوں میں جگہ نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے اسپتالوں میں مزید مریضوں کیلئے جگہ نہیں رہی، اسپتالوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے مریضوں کو گھر بھیجنا شروع کردیا ہے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ جن شہروں میں پہلے ہی طبی سہولیات کی کمی تھی وہاں اور برے حالات ہیں،اسپتالوں کی یہ حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ حکومت اس مسئلہ کی طرف توجہ نہیں دے رہی، حالات پر قابو پانے کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں۔