ملک کورونا کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا،ڈاکٹرربابہ بلیدی

June 04, 2020

کوئٹہ (خ ن)پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کرونا کی روک تھام اور دستیاب علاج معالجے کے لیے کوئٹہ کے تمام بڑے اسپتالوں سمیت اندرون صوبہ سہولیات کو اپ گریڈ کیا گیا ہے سول اسپتال کوئٹہ میں جدید طبی سہولیات سے مزین 32 بیڈڈ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو قائم کیا جاچکا ہے جس کو جلد فعال کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی اور محکمہ صحت کے آفسران کے ہمراہ سول اسپتال کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ کرونا سےاچھے خاصے مضبوط میڈیکل اسٹریکچر والے ممالک بھی پریشانی سے دوچار ہوئے ہمارا طبی ڈھانچہ مریضوں کے تناسب سے کولیپس نہیں ہوا پاکستان کروناکے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے وائرس کی ویکسین کی تیاری تک ہمیں اس وباء کے ساتھ رہنا ہے وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے وائرس کی موجودہ اور اس کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی تشکیل پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی کی موجودہ صورتحال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس فرنٹ لائن پر کورونا وائرس سے نبرد آزما ہیں اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں تاریخ میں شعبہ طب سے وابستہ تمام افراد کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا ۔