برطانیہ اور سوئیڈن کی مشترکہ کمپنی بریک تھرو کے قریب

June 10, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ اور سوئیڈن کے سائنسدان کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے معاملے میں بریک تھرو تک پہنچ گئے ہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے اینٹی باڈیز کے ذریعے علاج کا طریقہ تلاش کیا ہے۔ یہ نیا طریقہ متاثرین کیلئے جان بچانے کا بہترین طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ دوا ساز کمپنی AstraZeneca وائرس کا علاج تیار کر رہی ہے اور ابتدائی طور پر اسے صرف معمر افراد کیلئے پیش کیا جا سکتا ہے جن کے اس وائرس سے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے۔ اینٹی باڈیز کے انجکشن فوری طور پر جسم کو وائرس کیخلاف مسلح کرتے ہیں تاکہ وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے، بتایا جا رہا ہے کہ یہ علاج اُن لوگوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے جو اس وائرس سے متاثر ہونے کے ابتدائی دنوں سے گزر رہے ہیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پاسکل سوریوٹ نے بتایا ہے کہ علاج کی تیاری میں دو اینٹی باڈیز استعمال کی گئی ہیں کیونکہ دونوں کی مدد سے ایک اینٹی باڈی کیخلاف پیدا ہونے والی مزاحمت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ اینٹی باڈی تھراپی ویکسین کے مقابلے میں مہنگا علاج سمجھا جاتا ہے تاہم سوریوٹ کا کہنا ہے کہ اینٹی باڈی کے ذریعے ترجیح عمر رسیدہ اور ایسے افراد کو دی جائے گی جنہیں زیادہ خطرہ ہے۔ ویکسین کا پوری تیز رفتار کے ساتھ تجربہ کیا جا رہا ہے اور کمپنی کے ماہرین کو امید ہے کہ اگلے سال سے پیداوار شروع کر دی جائے گی۔