پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، ڈاکو، گرفتار اسلحہ برآمد

June 15, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دیگر فرار ہونے میں کامیاب، گرفتار ڈاکو سے اسلحہ برآمد، ڈاکو جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا شاہ کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گرڈ اسٹیشن کے مقام پر معمول کے مطابق گشت کرنیوالے پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، گاڑی میں سوار افراد نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی، اس دوران ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جانب سے ان کا تعاقب کیا گیا، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا، جس کے بعد پولیس نے ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جس کی شناخت محمود سندرانی کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو کہ مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں، جلد انہیں بھی گرفتار کرلیا جائیگا، گرفتار ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جو کہ جرائم کی سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کا کرمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی منگوایا جارہا ہے۔ ایس ایس پی اسد رضا شاہ کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈاکوؤں، جرائم پیشہ اور سماج شمن عناصرکیخلاف بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں، تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھیں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔