انتظامات یقینی بنانے کے بعد ہی دورہ انگلینڈ کی ہامی بھری، وسیم خان

June 22, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگز یکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق انتظامات یقینی بنانے کے بعد ہی دورہ انگلینڈ کی ہامی بھری تھی۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اس وقت ساری دنیا کرکٹ ایکشن کی بحالی کی خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق انتظامات یقینی بنانے کے بعد ہی دورہ انگلینڈ کی ہامی بھری تھی۔

یہ بھی پڑھیے: دورۂ انگلینڈ کیلئے قومی کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز کرکٹ کے لیے بہت ضروری تھی، عالمی کرکٹ کے لیے مقابلوں کا بحال ہونا ضروری ہے۔

سی ای او پی سی بی نے کہا کہ جو ویسٹ انڈیز کے لیے انتظامت ہیں، وہ ہمارے لیے بھی اہم ہیں۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے کروڑوں شائقین مایوس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے مستقبل کی پلاننگ کرتے ہوئے بجٹ میں غیر اہم ترقیاتی بجٹ کے ایک ارب روپے کم کیے ہیں، ٹیم میں سب کا احتساب ہوگا اور ہر کسی کو سالانہ ٹاسک دیئے ہوئے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ نومبر میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کرانے پر غور کررہے ہیں، زمبابوے کی ٹیم کو بھی پاکستان آنا ہے، اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہیں ہوا تو کسی ٹیم کے ساتھ دو طرفہ سیریز ہوسکتی ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی تمام فرنچائز اہم ہیں، گلے شکوے ہر بزنس میں ہوتے ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ معاملات افہام وتفہیم سے حل ہوں، جولائی میں ہونےوالی میٹنگ میں فنانشل ماڈل پر بھی بات ہوسکتی ہے۔