گڈاپ اور تیسر ٹاؤن میں اسکولوں کے بچوں میں مفت ماسک کی تقسیم

June 30, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن ، سندھ مدرسہ بورڈ اور کمیونٹی کے اشتراک سے گڈاپ اور تیسر ٹائون کے دیہی اور پسماندہ علاقوںمیں کورونا کی وبا سے بچائو کے لئے احتیاطی اور حفاظتی مہم پچھلے کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں آپنی مدد آپ کے تحت ماسک تیار اور بچوں کے گھروں پر تقسیم کئے۔ واضع رہے کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن اور سندھ مدرسہ بورڈ کی انتظامیہ نےدونوں اداروں کے اشتراک سے چلنے والے تعلیم بالغاں اور ہنری تعلیم کے مراکز کو ماسک تیار کرنے کا کام سونپا تھا تا کہ کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت اس سے استفادہ کر سکے۔ اس سوچ کو سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالکبیر قاضی نے سراہتے ہوئے اسے وسیع تر بنانے پر زور دیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ یہ ماسک کم وسائل والے والدین اور بچوں کو مفت فراہم کئے جائیں گے اور انہیں تیار کرنے والی دستکار خواتین انہیں مقامی دُکانداروں کو کم لاگت پر فراہم کریں تا کہ ماسک تیار کرنے والی خواتین اور خریدنے والے عام لوگ دونوں فائدہ اُٹھا سکیں۔ اس فیصلے کے بعد بستیوں اور گوٹھوں میں واقع ان تربیتی ہنری مراکز پر ماسک کی سلائی اور گھریلو استعمال کے سینیٹائزرز کے محلول کی تیاری شروع کر دی گئی۔ ان مراکز میں خواتین نےماسک تیار کرنے کے بعد گھر گھر جا کر نہ صرف مفت ماسک تقسیم کئے بلکہ انہیں کورونا وائرس سے بچائو کی حفاظتی تدابیر کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ماسک کے لئے فیبرک کی فراہمی سندھ مدرسہ بورڈ کی جانب سے بلاقیمت کی گئی اور تیاری کی تربیت میں سندھ مدرسہ بورڈ کے پریمیئر ادارہ قائداعظم پبلک اسکول کے پرنسپل، انتظامیہ اور سینیئر ٹیچر بشرانذیر نے اہم کردار ادا کیا۔