کرکٹ ورلڈ کپ 2011 فائنل فکس ہونے کی انکوائری اچانک ختم، آئی سی سی نے بھی کلین چٹ دیدی

July 04, 2020

کولمبو/ دبئی (جنگ نیوز) سری لنکا کی پولیس نے کرکٹ ورلڈ کپ 2011 فائنل میں مبینہ میچ فکسنگ الزامات کی تحقیقات کا سلسلہ اچانک عدم شواہد کی بنا پر ختم کر دیا ہے۔جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی مشکوک میچ کو کلین چٹ دی۔ آئی سی سی کے مطابق میچ فکس ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکن پولیس نے جمعہ کو ملک میں جاری ورلڈکپ فائنل فکسنگ کی انکوائری باقاعدہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ حکام کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے یہ کہا جا سکے کہ ٹیم جان بوجھ کر فائنل میں بھارت سے ہاری۔ دو کھلاڑی اور ایک چیف سلیکٹر سے تفتیش کی گئی،وضاحتوں سے مطمئن ہیں۔ پولیس نے ورلڈکپ میں ٹیم کی قیادت کرنے والے کمار سنگارا ، ٹیم کے اوپنر اور سابق چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا سے تفتیش کی تھی۔ سابق کپتان مہیلا جے وردھنے جمعے کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونا تھا۔ اس حوالے سے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ الیکس مارشل کا کہنا ہے کہ آئی سی سی انٹیگریٹی یونٹ کے پاس کرکٹ ورلڈ کپ فائنل 2011 کے فکس ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے نہ ہی فکسنگ کی شکایت کا کوئی ریکارڈ ہے۔ جبکہ سری لنکن وزیر کھیل کی جانب سے آئی سی سی کو خط لکھے جانے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ میچ فکسنگ کے ثبوت ہیں تو اینٹی کرپشن یونٹ سے رابطہ کیا جائے۔ ایسے تمام الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں لیکن ہمارے پاس آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے فائنل پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ نے کہا کہ میچ فکسنگ کے دعووں کی تصدیق کے لیے کوئی ثبوت ملے تو تحقیقات کریں گے۔