مندر کی تعمیر،اشنا شاہ نے قائد اعظم کا قول سوشل میڈیا پر شیئر کردیا

July 06, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مشہور قول شیئر کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کی جانب سے مندر کی تعمیر کا کام روک دیا گیا ہے اور اِس ضمن میں جہاں سوشل میڈیا صارفین اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں تو وہیں معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے بھی اس حوالے اپنا ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ ٹوئٹر پر اُشنا شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا مشہور قول لکھا، جس قول میں پاکستان میں برابری، امن، یکسانیت کا پیغام دیا گیا ہے، اس کے علاوہ اقلیتوں کو بغیر کسی ڈر اور خوف کے اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی آزادی کی بھی بات کی گئی ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کا قول’’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی اور عبادت گاہوں پر جانے کے لیے آزاد ہیں۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا مسلک سے ہو لیکن اِس کا ریاست کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے مندر کا کام رکوادیاہے، ترجمان سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ مندر بغیر نقشے کے بنایا جارہا تھا۔