سعودی عرب کا غیرملکیوں کیلئے بڑا ریلیف، اقاموں میں 3 ماہ کی توسیع

July 06, 2020

ریاض (شاہد نعیم)سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک فرمان کے ذریعے مملکت میں مقیم تمام غیر ملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔شاہی فرمان کے مطابق غیرملکیوں کے اقاموں کی اگلے تین ماہ کے لیے بغیر فیس کے آن لائن تجدید ہوگی۔سعودی وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے اثرات کم کرنے کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی امداد کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے ہیں۔اعلامیے کے مطابق اس وقت بیرون ملک موجود ان تمام غیرملکیوں کے خروج اور دوبارہ داخلے کے ویزوں میں تین ماہ کے لیے مفت توسیع ہوگی جو بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کی وجہ سے واپس نہیں آ سکے۔ان کے علاوہ اس وقت سعودی عرب میں موجود ان تمام غیر ملکیوں کے اقاموں اور وزٹ پر آنے والوں کے ویزوں میں بھی تین ماہ کی مفت توسیع کر دی گئی ہے جن کے اقامے اور ویزے پروازوں کی معطلی کے دوران میں ختم ہوئے ہیں۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ شاہی فرمان میں مذکورہ بالا استثنائی صورتوں پر حسبِ ضرورت نظرثانی کی جائے گی۔