کورونا ‘ ٹائیگر فورس نے خدمت کی مثال قائم کر دی‘ شہریار آفریدی

July 07, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس نے کورونا وباء کے دوران عوامی خدمت اور فلاح کی مثال قائم کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے کورونا کا بہادری سے مقابلہ کیا، ہیلتھ نظام پہلے کی نسبت زیادہ مستحکم ہوا ہے۔ معاشی مسائل کے شکار کیلئے 150ارب معاشی تعاون کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں وزیراعظم ٹائیگر فورس راولپنڈی کینٹ سرکل کے اراکین کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے دنیا کو بتا دیا کہ انسانیت کیا ہے۔ یہ عوامی خدمت کا مثالی نیٹ ورک ہے جس کے صرف راولپنڈی تحصیل میں 30ہزار اراکین ہیں۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے اراکین نے اس وقت لوگوں کی مدد کی جب لوگ کورونا وائرس کے خطرے کے باعث گھروں میں بند تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد عدنان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جنگ سے بھی زیادہ مشکل حالات تھے۔۔ رکن صوبائی اسمبلی عمر تنویر بٹ نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے عوام کو ایک نئی سوچ اور فکر سے روشناس کرایا ہے۔