شہد سے بنائیں گھر میں 5 حیرت انگیز فیس ماسک

July 08, 2020

صاف ستھری بے داغ جلد ہر کسی کی خواہش اور ہر کسی کو بھاتی ہے، اگر آپ خوبصورتی بڑھانے کے لیے مہنگی کیمیکل والی مصوناعات کے استعمال سے اُکتا چکے ہیں اور اصل معنوں میں صاف شفاف جلد چاہتے ہیں تو گھر میں شہد سے بنے یہ 5 ماسک ضرور آزمائیں ۔

ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق شہد جلد اور آنکھوں کی بیماریوں کے لیے مفید قدرتی جز ہے، شہد میں پروٹین ، امینو ایسڈ وٹامنز، انزائمز ، منرلز اور بوسٹنگ اینٹی مائیکروبیئل خصوصیات پائے جانے کے سبب یہ جلد پر استعمال کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے ، شہد کو اسکن کا سپر فوڈ بھی کہا جا سکتا ہے ۔

شہد کا جلد پر استعمال کرنے کے نتیجے میں ایکنی، کیل مہاسوں کے داغ دھبے صاف ہوتے ہیں، شہد براہ راست جلد پر لگانے سے اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کے سبب جلد نرم ملائم اور صاف ہونے لگتی ہے اور جلد پر موجود مردہ خلیوں کا بھی صفایا ہوتا ہے۔

شہد جلدکو ہائیڈریٹ کرتا ہے ، دانوں کے نتیجے میں بننے والوں زخموں کو جلدی بھرنے میں مدد دیتا ہے، جلد میں خون کی گردش کو تیز کر کے قدرتی چمک کا سبب بنتا ہے ۔

اگر آپ بھی صاف شفاف جلد چاہتے ہیں تو شہد سے بنے مندجہ ذیل فیس ماسک کو لازمی آزمائیں ۔

ایکنی ، کیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے

اگر اپ کو ضدی اور موٹی ایکنی کی شکایت ہے تو اس ماسک کا لازمی استعمال کریں، ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس، ایک چمچ شہد ، ایک چائے کا چمچ میٹھا سوڈا ( بیکنگ سوڈا) لے لیں اب ان تینوں اجزا کو ایک اچھی طرح ملا کر یک جان کر لیں ۔

اس فیس ماسک کو اپنے چہرے پر 15 منٹ لگائیں اور نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں ۔ یہ ایکنی کے لیے بہترین ماسک ہے ، پہلے ماسک ہی سےبہترین نتائج حاصل ہوں گے ۔

اس ماسک کو کم سے کم ہفتے میں دو بار ضرور لگائیں ۔

حساس جلد کے لیے شہد کا استعمال

حساس جلد کو موسم کی سختیوں اور سو رج کی شعاؤں کے نتیجے میں جھلسنے والی جلد کے علاج کے لیے ایک چائے کا چمچ سبز چائے ، ایک چائے کا چمچ شہد اور ایک چائے کا چمچ بادام کا تیل لے لیں ، ان تینوں اجزا کو اچھی طرح مکس کر لیں۔

اب اس ماسک کو چہرے پر 15 منٹ لگائیں اور نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔

اس ماسک سے متاثر جلد صحت مند ہو جائے گی اور رنگ بھی صاف ہوگا ۔

جلد کے ایک رنگ ( even skin tone ) کے لیے شہد کا استعمال

گرمیوں میں دھوپ میں نکلنے سے چہرے ہاتھ ، پاؤں ، گردن اور بازؤں کی جلد کے رنگ میں فرق آ جاتا ہے جو کہ نہایت بد نما نظر آتا ہے ایسی جلد کے لیے ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس، ایک چائے کا چمچ شہد، ایک چائے کا چمچ دہی اور چمچ کا چوتھائی حصہ ہلدی ملا لیں ، اب اس فیس پیک کو یک جان بنا لیں اور اپنے چہرے ، گردن ، ہاتھ ، پاؤں بازؤں پر 20 منٹ کے لیے لگائیں اور بعد میں نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھو لیں ۔

اس فیس ماسک کا استعمال روزانہ بھی کیا جا سکتا ہے ، کم از کم ہفتے میں 3 سے 4 بار لازمی کریں ۔

خشک اور کھردری جلد کے لیے شہد کا استعمال

ایک چائے کا چمچ پسی ہوئی دار چینی میں ایک چائے کا چمچ شہد ملا لیں ، اب انہیں اچھی طرح سے مکس کر لیں ، اس فیس ماسک کو چہرے پر 10 منٹ لگائیں اور بعد میں نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔

اس فیس ماسک سے جلد نرم ، ملائم اور چمک دار ہو جائے گی ۔

جلد سے مردہ خلیوں ( ڈیڈ اسکن ) کے خاتمے کے لیے

ایک چائے کے چمچ میں پسا ہوا دلیہ ملا لیں اور اچھی طرح سے یک جان بنا لیں اب اس فیس ماسک کو 15 منٹ کے لیے اپنے چہرے پر لگائیں ، یہ فیس ماسک جلد سے اضافی تیل بننے کے عمل کمزور کرنے سمیت جلد سے مردہ خلیوں کا خاتمہ بھی کرے گا۔

اس فیس ماسک میں دلیے کی جگہ چاولوں کا آٹا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ، چاولوں کے آٹے میں ہم وزن شہد ملائیں اور اب اس قدرتی اور سستے ترین اسکرب کو ایک ہفتے کے لیے فریج میں محفوظ کر لیں ، ہر دوسرے دن اس فیس ماکس کو لگائیں اور ہلے ہاتھوں سے مساج کرتے ہوئے اتار لیں اور چہرہ دھو لیں۔

اس فیس ماسک سے رنگت صاف ہوگی، جلد بے حد نرم اور ملائم ہو جائے گی ، مردہ خلیوں کا بھی خاتمہ ہوگا، چہرہ توتازہ شاداب نظر آئے گا ۔