ری فنانس اسکیموں پر مارک اپ ریٹ گھٹاکر 5فیصد کر دیا گیا

July 09, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کی ری فنانس اسکیموں پر مارک اپ ریٹ گھٹا کر 5فیصد کرنے سمیت کئی اقدامات‘ملکی اور برآمدی دونوں مارکیٹوں میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے سہولت مہیا ہوگی۔ اسٹیٹ بینک معیشت پر کورونا وائرس کی وبا کے منفی اثرات کے پیش نطر کاروبار اور گھرانوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کررہا ہے اور مارچ 2020ء سے اب تک پالیسی ریٹ میں کمی ایک کلیدی اقدام رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے 17 مارچ 2020ء سے اب تک پالیسی ریٹ میں 625 بیسس پوائنٹس کمی کرکے اسے 7 فیصد کردیا ہے۔ پالیسی ریٹ میں اس کمی کے فوائد ری فنانس اسکیموں کے استعمال کنندگان تک پہنچانے کی خاطر اب اسٹیٹ بینک نے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنی دو ری فنانس اسکیموں پر صارف کے مارک اپ ریٹس کو ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے عارضی معاشی ری فنانس سہولت (TERF) پر صارف مارک اپ ریٹس کو موجودہ 7 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کردیا ہے اور طویل مدتی مالکاری سہولت (LTFF) پر 6 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کردیا۔