• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر اداکار مالی مشکلات یاد کرتے ہوئے آبدیدہ

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عمران قریشی اپنی مالی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

عمران قریشی نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل دور کے بارے میں بات کی۔

شو کے دوران میزبان نے سوال پوچھا کہ آپ کو زندگی میں کسی چیز پر افسوس ہے؟

اداکار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں بہت امیر گھرانے میں پیدا ہوا، کبھی غربت نہیں دیکھی تھی، میری والدہ نے ایک ملکہ والی زندگی گزاری تھی لیکن 20 سال پہلے وقت نے کروٹ لی اور ہمارے معاشی حالات بہت برے ہو گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت مجھے بس یہی افسوس ہوتا تھا کہ میں اپنی والدہ کو سہولتیں نہیں دے سکتا جنہوں نے مجھے شہزادوں کی طرح پالا تھا۔

عمران قریشی نے کہا کہ ایسا بھی ہوتا تھا کہ ہم سوچتے تھے کہ کھانے کا انتظام کیسے کیا جائے؟ اب حالات بہتر ہو گئے ہیں لیکن اب دکھ ہے کہ والدہ نہیں رہیں۔

اُنہوں نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ میں اب سوچتا ہوں کہ کوئی معجزہ ہو جائے، میری والدہ آج واپس آ جائیں تو میں اُنہیں بالکل ویسے ہی ملکہ بنا کر رکھوں گا جیسے میرے والد نے رکھا تھا۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ مالی حالات یہ ہو گئے تھے کہ میں نے اپنی دکان کو کرائے پر دیا اور اپنے کرائے دار کے پاس بطور ملازم اپنی ہی دکان پر کام کرنے پر مجبور ہو گیا تھا اور ایک مارکیٹ میں ایک کپڑے کی دکان میں بھی 1 ہزار روپے دیہاڑی پر کام کیا جہاں مجھ سے شیشے بھی صاف کروائے گئے اور کھانے کے برتن بھی دھلوائے گئے جس پر میں بہت رویا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید