• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت کا نشان’ٹیوڈر ہارٹ‘ پینڈنٹ برٹش میوزیم کی زینت بن گیا

---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

عوامی فنڈ ریزنگ مہم کے ذریعے ہنری ہشتم سے منسوب محبت کا نشان ایک نایاب سونے کا پینڈنٹ ’ٹیوڈر ہارٹ‘ لندن میں واقع برٹش میوزیم کی زینت بن گیا۔

یہ 16 ویں صدی کا 24 قیراط سونے سے تیار کردہ دل کی شکل کا پینڈنٹ ہے جو 2019ء میں وارکشائر سے دریافت ہوا تھا، اسے برطانوی بادشاہ ہنری ہشتم (Henry VIII) اور ان کی ملکہ سے منسلک کیا جاتا ہے۔

میوزیم نے اکتوبر میں اس تاریخی نوادر کو حاصل کرنے کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا تھا، مختلف رپورٹس کے مطابق ادارہ 35 لاکھ پاؤنڈ کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

اس رقم میں سے 3 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ سے زائد عوامی عطیات سے حاصل ہوئے، جبکہ مہم میں 45 ہزار سے زیادہ افراد نے حصہ لیا۔

 اس کے علاوہ گرانٹس، ٹرسٹس اور آرٹس تنظیموں کی جانب سے بھی نمایاں مالی معاونت فراہم کی گئی، جبکہ نیشنل ہیریٹیج میموریل فنڈ نے 17 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کا تعاون کیا۔

برٹش میوزیم کے ڈائریکٹر نے مہم کی کامیابی پر تمام معاونین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ 

تاریخی اندازوں کے مطابق یہ پینڈنٹ غالباً 1518ء میں شہزادی میری کی فرانس کے ولی عہد سے منگنی کی خوشی میں تیار کیا گیا تھا۔

ٹیوڈر ہارٹ کو فنڈ ریزنگ مہم کے دوران برٹش میوزیم کی گیلری میں نمائش کے لیے رکھا گیا تھا اور اسے رواں سال باضابطہ طور پر میوزیم کے مستقل ذخیرے کا حصہ بنا دیا جائے گا۔

خاص رپورٹ سے مزید