جماعت اسلامی کا کےالیکٹرک کیخلاف 100 سے زائد مقامات پر دھرنے کا اعلان

July 09, 2020


جماعت اسلامی نے کراچی میں 100 سے زائد مقامات پر کےالیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ تقریباً 3 روپے اضافے کا بجلی ٹیرف منظور کر لیا گیا ہے، اس وقت شہر کا اہم ترین مسئلہ لوڈشیڈنگ اوراضافی بلنگ ہے، شہر میں مسلسل بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہفتے کو شارع فیصل پر کےالیکٹرک کیخلاف احتجاج کیا جائے گا، جبکہ کل سے 100 سے زائد مقامات پر کےالیکٹرک کے خلاف دھرنے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بارش شروع نہیں ہوتی بجلی چلی جاتی ہے، لوگ شور مچاتے ہیں تو نیپرا ایک ٹیم بھیج دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نیپرا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کھلی کچہری لگائے گی

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی نہیں تو بچوں کو آن لائن کیسے پڑھائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم دوسروں کی طرح اپنے ریٹ بڑھانے کے لئے احتجاج نہیں کررہے۔