پٹرول بحران سے متعلق انکوائری کمیٹی 15 روز میں تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام

July 11, 2020

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) پٹرول بحران سے متعلق انکوائری کمیٹی 15 روز میں تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ اہم مسائل کی وجہ سے رپورٹ جمع نہیں کی جاسکی، مزید وقت طلب کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم آفس کی جانب سے 25 جون، 2020 کو پٹرول کی قلت سے متعلق تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی 15 روز میں انکوائری مکمل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

کمیٹی 10 جولائی کو اپنی رپورٹ جمع نا کراسکی اور تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔ کمیٹی کے ایک رکن نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ کمیٹی کی تفویض کی گئی ذمہ داریوں پر ہم کام کررہے ہیں مگر کچھ اہم مسائل باقی ہیں، اسی وجہ سے کمیٹی اپنی رپورٹ جمع نا کرسکی۔

کمیٹی نے اس ضمن میں مزید وقت طلب کیا ہے۔ وزیراعظم آفس نے کمیٹی کو پٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کے کردار سے متعلق تحقیقات کی ذمہ داری دی ہے۔