قومی معاملات میں مل کر چلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، شفقت محمود

July 13, 2020


وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ جمہوریت میں حکومت اور اپوزیشن میں بحث کا سلسلہ رہتاہے، نیب حکومت کے ماتحت نہیں ہے، جمہوریت میں یہ توقع کرنا کہ بالکل خاموشی ہوجائیگی ممکن نہیں ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہارپروگرام’’کیپٹل ٹاک‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ قومی معاملات میں مل کر چلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

وزیرتعلیم شفقت محمود نے مزید کہا کہ کرپشن کےمعاملےپر دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہو چکا ہے، اگر ملک میں کورونا کا گراف نیچے آرہا ہے تو یہ مشترکہ کوششیں ہیں۔ جہاں ہم قومی مفادات میں متحد ہوتے ہیں اس کو بھی اجاگر کرنا چاہیے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ این سی او سی تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلہ کرتا ہے۔ ہمارا آئین تمام پاکستانیوں کو یکساں حقوق دیتا ہے۔ ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، آئین تمام پاکستانیوں کو یکساں حقوق دیتا ہے۔

وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں صرف سیاستدان نہیں ہیں، ملک کےتمام ادارےموجود ہیں، کورونا کے ڈیش بورڈ میں کوئی رد بدل نہیں ہورہی ہے، ہمیں اللّٰہ کا شکر کرنا چاہیے کہ کورونا کا گراف نیچے جارہاہے، عیدالفطر پر کورونا کیسز کا گراف بڑھا، کراچی اور سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد زیادہ ہے، امید ہے جلد کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے بھی اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ عید الاضحیٰ اور محرم میں احتیاط کریں۔

شفقت محمود نے کہا کہ جامعات میں ترقیاتی مد میں جتنا فنڈ خرچ ہوا ماضی میں نہیں ہوا۔ چالیس لاکھ بچوں کو اتفاق رائے سے ہی پرموٹ کیا۔