شاہد آفریدی کی دادا کی قبر پر فاتحہ خوانی

July 20, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے اپنے دادا کی قبر پر فاتحہ خوانی کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کردی۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہدآفریدی نے اپنی دو تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے دادا کی قبر پر موجود دکھائی دے رہے ہیں۔

اپنی پوسٹ کے ساتھ ہی کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’تیراہ میری مٹی ہے، اپنے لوگوں سے مل کر اور آج اپنے دادا صاحبزادہ محمد الیاس (پیر بھوٹان شریف) جو یہاں کی عظیم ہستی ہیں اُن کی قبر پر فاتحہ پڑھ کر بہت سکون محسوس کر رہا ہوں۔‘

شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ ’میری عزت اور کاوشیں سب اسی جگہ سے جڑی ہیں اور میں اپنے دادا کی طرح تیراہ کے لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ ‘

شاہد آفریدی کی جانب سے یہ پوسٹ 22 گھنٹے قبل شیئر کی گئی تھی جسے اب تک تقریباً ایک لاکھ 27 ہزار مداح لائیک کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ’وادی تیراہ ‘ خیبرپختونخوا میں واقع ہے اور خیبر ایجنسی، کرم ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی میں پھیلی ہوئی ہے۔

اس وادی کا چھوٹا حصہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار کی شمالی سرحد کو بھی چھوتا ہے۔ یہاں پشتونوں کے آفریدی، اورکزئی اور شنواری قبائل آباد ہیں۔