کراچی میں نوبیاہتا جوڑے کا قتل

July 25, 2020


کراچی کے علاقے ناظم آباد میں 50 سالہ شخص کو اس کی جواں سال دوسری بیوی کے ساتھ گھر میں تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا گیا۔ دونوں افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق رضویہ سوسائٹی تھانے کی حدود ناظم آباد میں سبحان بیکری کے قریب ایک گھر سے پچاس سالہ سلیم اور اس کی جواں سال اہلیہ کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ قتل کئے گئے شخص سلیم نے مذکورہ خاتون سے چار ماہ پہلے دوسری شادی کی تھی۔

مقتول سلیم اورنگی ٹاؤن میں تعویذ گنڈے کا کام کرتا تھا اور ناظم آباد میں چند ماہ قبل کرایہ کے اس مکان میں منتقل ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خون آلود چھرا بھی برآمد ہوا ہے۔ جبکہ عینی شاہدین کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات سے کافی دیر قبل اس مکان سے دو سے تین افراد باہر نکلتے دیکھے گئے تھے۔

دونوں افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔