پاکستان آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے والا پہلا ملک بن گیا

July 26, 2020



پاکستان آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے والا اور 10 سال پہلے ہی اہداف حاصل کرنے والا پہلا ملک بن گیا اور ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے بین الاقوامی ادارے کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آلودگی کے تدارک اور ماحولیاتی تغیر کے مہلک اثرات سے بچاؤ کے پیشِ نظر پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے لیے کی جانے والی اپنی کاوشوں پر فخر ہے۔‘

عمران خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستانی کوششوں کو دکھایا گیا۔

ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ہدف حاصل کر کے خود کو ایک ایسا ملک ثابت کیا جو عالمی کوششوں میں سنجیدگی کے ساتھ پرعزم ہے اور جن کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔

بین الاقوامی ادارے نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان نے ترقی یافتہ ممالک امریکا اور برطانیہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دس سال قبل ہی ہدف حاصل کر لیا ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اقوام متحدہ نے پاکستان سمیت کئی مماک کو پائیدار ترقی کیلئے 17 اہداف دے رکھے ہیں جن میں سے پاکستان نے مدت ختم ہونے سے 10سال پہلے ہی 13 اہداف حاصل کرلئے ہے۔

عمران خان کی جانب سے شیئر کی جانے والی یڈیو میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہداف کو 10 سال پہلے حاصل کرلیا، پاکستان تیزی سے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا مقابلہ کررہا ہے۔

01 منٹ اور تین سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان کے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب اور دیگر اقدامات کو بھی دکھایا گیا۔

ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے اربوں درخت لگا کر ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کیا، پاکستان کلین انرجی، الیکٹرک گاڑیوں کی طرف جا رہا ہے، پاکستان گرین جابز سامنے لارہا ہے، پاکستان نے دس سال کا انتظار کرنے کے بجائے ماحولیاتی تبدیلی کا ابھی سے مقابلہ کیا۔

ویڈیو میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں دیگر ممالک کے لیے بہترین مثال ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان نے ماحولیاتی لائحہ عمل کے حوالے سے پائیدار ترقی کا 13واں ہدف ڈیڈلائن سے پہلے ہی حاصل کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کیا تھا۔

اقوام متحدہ کی جانب سے دئیے گئے پائیدار ترقی کے سترہ اہداف پر عملدرآمد کی ڈیڈلائن 2030 ہے لیکن پاکستان نے 10 سال پہلے یہ ہدف حاصل کر لیا۔

خیال رہے کہ رواں برس وزیراعظم عمران خان نے 22 جنوری کو عالمی اقتصادی فورم میں خصوصی خطاب کیا تھا اور ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو اجاگر کیا تھا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر وزیر اعظم کی عالمی سطح پر خوب پزیرائی ہوئی تھی۔

اس ضمن میں عمران خان کو معروف جریدے ٹائم نے ماحولیات کی ترجمانی کرنے والی دنیا کی پانچ شخصیات میں شامل بھی کیا تھا۔

ٹائم میگزین نے وزیراعظم عمران خان کو ماحولیات کی ترجمانی کرنے والی دنیا کی پانچ شخصیات میں شامل کرتے ہوئے ان کی تصویر سرورق پر چھاپی تھی۔