صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کہتے ہیں کہ عمران خان ابتداء سے ہی ماحول دوست جذبے سے سرشار رہے ہیں۔
معروف ادویہ ساز ادارے کی جانب سے 10 ہزار دیہی گھرانوں کو شمسی توانائی کی سہولت مفت دینے سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر پاکستان عارف علوی نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دورہ امریکا میں ریاست مدینہ کی نشانیوں پر کھل کر بات کی ہے۔
عارف علوی نے عمران خان کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں تمام امور کا مکمل احاطہ کیا جبکہ کشمیر سمیت اسلاموفوبیا اور منی لانڈرنگ پر جامع بات کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ریاست مدینہ کی خواہش تو کرسکتے ہیں جبکہ ریاست زبردستی ٹیکس اس لیے لیتی ہے کہ عوام کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی طاقت نے جمہوریت کو یرغمال بنالیا ہے جبکہ انہی کمپنیوں نے اقوام متحدہ کو بھی ہائی جیک کرلیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پورا یقین ہے کہ تبدیلی آتی جارہی ہے اورملک تیزی سے ترقی کی طرف جارہا ہے اور اگر ہم اپنی معیشت کو بہتر کرلیں تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ شمسی توانائی انرجی کا سب سے سستا ذریعہ ہے جبکہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ دنیا میں توانائی کی ضروریات کیوں بڑھ رہی ہے۔