خلائی مخلوق ہمارے بیانئے میں شامل نہیں، شاہد خاقان عباسی

August 04, 2020

خلائی مخلوق ہمارے بیانئے میں شامل نہیں، شاہد خاقان عباسی

کراچی (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ خلائی مخلوق ہمارے بیانیے میں شامل نہیں، ملک میں اسٹیبلشمنٹ کا وجود ہے اور وہ مداخلت بھی کرتی ہے۔ ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا بیانیہ بڑا واضح تھا، خلائی مخلوق باہر سے آتی ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ اسی ملک کی ہے۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ ملک میں موجود ہے، تو وہ ہے، اگر آپ کہتے ہیں کہ معاملات میں مداخلت کرتی ہے، تو وہ بالکل کرتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ملکی معاملات میں مداخلت کرتی ہے ، اسٹیبلشمنٹ کا مؤقف بھی ہوتا ہے، ان کے اور آپ کے موقف میں ہم آہنگی نہ ہو تو مسائل پیدا ہوتے ہيں ، جو اثرات ہم نے گزشتہ الیکشن میں دیکھے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے خیالات کو ناپسند کیا گیا۔ اپنی جماعت کے رہنما سینیٹر پرویز رشید کے آرمی ایکٹ پر ووٹ پر مؤقف کےحوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں ووٹ پارٹی کا ہوتا ہے ، پرویز رشید نے آرمی ایکٹ پر ووٹ نہيں دینا تھا تو انہیں استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔