پاکستان کو بھارت سے ٹڈی دل کے حملے کا سامنا ہے، فخر امام

August 07, 2020

وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ ابھی پاکستان کو بھارت سے ٹڈی دل کے حملے کا سامنا ہے، وفاق، صوبے اور پاک آرمی مشترکہ طور پر انسداد ٹڈی دل پر کام کر رہے ہیں۔ اس وقت پورے پاکستان میں صرف تھرپارکر میں ٹڈی دل موجود ہے۔

فخر امام نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر (این ایل سی سی) کے اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے کہا کہ یمن، اومان اور افریقہ سے ٹڈی دل کا خطرہ نسبتاً کم ہو گیا ہے۔ زیادہ خطرہ بھارت کی طرف سے آنے والے ٹڈی دل کے جھنڈ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ٹڈی دل کے لیے 27 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ لوکسٹ واریئرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اجلاس میں کوآرڈینیٹر این ایل سی سی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک مجموعی طور پر 48 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر سروے اور 10 لاکھ ہیکٹر پر انسداد ٹڈی دل آپریشن کیا جاچکا ہے۔

فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) نے ٹڈی دل سے متعلق اپنی پیشگوئی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جنوب مغربی ایشیاء اور ایران میں صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم بھارت پاکستان سرحد کے دونوں اطراف صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے۔ اگست میں کافی ہیچنگ اور بینڈ تشکیل کی توقع کی جارہی ہے۔